انگریزی زبان کی اہمیت اور جغرافیہ
انگریزی (English) انگلستان اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر بولی جانے والی زبان ہے، جو متعدد ممالک میں بنیادی زبان کے طور پر بولی جاتی ہے، جبکہ دنیا کے بہت سے ممالک میں ثانوی یا سرکاری زبان کی حیثیت رکھتی ہے۔ انگریزی دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی اور سمجھی جانے والی زبان ہے، جبکہ عمومی طور پر یہ دنیا بھر میں رابطے کی زبان سمجھی جاتی ہے
مادری زبان کے طور پر دنیا کی سب سے بڑی زبان "جدید چینی” ہے، جسے 70 کروڑ افراد بولتے ہیں، اس کے بعد انگریزی ہے جو اکثر لوگ ثانوی یا رابطے کی زبان کے طور پر بولتے ہیں، جس کی بدولت دنیا بھر میں انگریزی بولنے والے افراد کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہے۔
دنیا بھر میں تقریباً 35 کروڑ 40 لاکھ افراد کی ماں بولی زبان انگریزی ہے، جبکہ ثانوی زبان کی حیثیت سے انگریزی بولنے والوں کی تعداد 15 کروڑ سے ڈیڑھ ارب کے درمیان میں ہے۔ پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش میں یہ زبان آہستہ آہستہ وسعت پکڑ رہی ہے۔
انگریزی مواصلات، تعلیم، کاروبار، ہوا بازی، تفریحات، سفارت کاری اور انٹرنیٹ میں سب سے موزوں بین الاقوامی زبان ہے۔ یہ 1945ء، میں اقوام متحدہ کے قیام سے اب تک اس کی باضابطہ زبانوں میں سے ایک ہے۔